نواز شریف نے وزارت عظمیٰ کیلئے شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے مریم نواز کو نامزد کردیا

0
47

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے وزارت عظمیٰ کے لیے شہباز شریف جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے مریم نواز کو نامزد کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے وزیر اعظم پاکستان کے عہدے کے لیے محمد شہباز شریف کو نامزد کر دیا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے مریم نواز شریف کو نامزد کیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’محمد نواز شریف نے پاکستان کے عوام اور سیاسی تعاون فراہم کرنے والی تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے اس پختہ یقین کا اظہار کیا ہے کہ ان فیصلوں کے نتیجے میں پاکستان معاشی خطرات، عوام مہنگائی سے نجات پائیں گے۔‘

قبل ازیں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مل کر حکومت بنائیں گے۔

مسلم لیگ(ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے گھر پر شہباز شریف، خالد مقبول صدیقی اور دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا تھا کہ آج ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آپس میں مل بیٹھ کر حکومت بنائیں گے اور پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معیشت، دہشت گردی یا مفاہمت سمیت پاکستان میں جو بھی مشکلات پیش آرہی ہیں ان کا حل نکالیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ جس کسی کو بھی حکومت بنانے کی خواہش ہے وہ دو تہائی اکثریت لےآئے، ہم تسلیم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب ایک جگہ جمع ہوئے تاکہ قوم کو بتا سکیں کہ ہم ملک کے لیے ایک ہیں، ہمیں پاکستان کے قرضوں کو کم کرنا ہے اور اپنے اختلافات ختم کرکے قوم کو آگے لے کر جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب پارلیمان وجود میں آنے والی ہے، مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کے فیصلے پر پیپلز پارٹی کا شکر گزار ہوں اور نواز شریف سے درخواست کروں گا کہ وزیراعظم کا عہدہ قبول کریں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں