پاکستان: سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز میں 10 دہشت گرد ہلاک، پختونخوا میں چار پولیس اہلکار جان بحق

0
40

پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان اور پنجگور میں آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں ڈی ایس پی، اے ایس آئی سمیت چار پولیس و سی ٹی ڈی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈی آئی خان اور پنجگور میں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جس کے دوران ڈی آئی خان میں 8 جبکہ بلوچستان کے علاقے پنجگور میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
5 اپریل کو سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردمارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم رہے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔

سکیورٹی فورسز کی جانب آپریشن کو علاقہ عوام نے سراہاہے جب کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

بعد ازاں خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی گل محمد خان اور گن مین جان بحق جبکہ باجوڑ میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں اے ایس آئی جان بحق ہوگیا۔

اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کے پولیس موبائل پر حملے میں سی ٹی ڈی اہلکار ظہور جان بحق ہوا۔

اُدھر پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں