ایران کے الیکشن کمیشن کے ترجمان محسن اسلامی نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ صدارتی انتخابات میں حق رائے دہی رکھنے والے شہریوں کی تعداد چھے کروڑ چودہ لاکھ باون ہزار تین سو اکیس تھی جن میں سے تین کروڑ پانچ لاکھ تیس ہزار ایک سو ستاون افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
مسعود پزشکیان ترپن اعشاریہ چھے فیصد یعنی ایک کروڑ ترسٹھ لاکھ چوراسی ہزار چار سو تین ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے جبکہ ان کے مقابلے میں سعید جلیلی کو چوالیس اعشاریہ تین فیصد یعنی ایک کروڑ پینتیس لاکھ اڑتیس ہزار ایک سو اناسی ووٹ ملے۔
خیال رہے کہ ایرانی کے صدارتی انتخابات اٹھائیس جون کو منعقد ہوئے تھے جن میں چار صدارتی امیدواروں میں سے کوئی بھی عہدہ صدارت کے لئے لازمی حد نصاب حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا تھا جس کے بعد صدر کے تعین کے لئے گزشتہ روز دوسرے مرحلے میں ووٹنگ انجام پائی۔ قابل ذکر ہے کہ صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ کا تناسب پہلے مرحلے سے بہتر رہا اور تقریبا پچاس فیصد ریکارڈ کیا گیا۔