کانگو کے دارالحکومت کے قریب ایک دریا میں 271 مسافروں کو لے جانے والی کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 80 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کانگو کے صوبے مائی ندومبے کے دریائے کووا میں ڈوبنے والی کشتی مقامی طور پر بنائی گئی تھی۔ حادثے کی ممکنہ وجہ گنجائش سے زیادہ مسافروں کو ہونا ہے۔
یہ کشتی مسافروں کو دارالحکومت کنشاسا لے کر جا رہی تھی لیکن انجن کی خرابی کی وجہ سے دریا میں رک گئی اور مسافروں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے الٹ گئی۔
مسافروں میں سے 185 نے تیر کر اپنی جان بچائی اور ساحل پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئے جب کہ امدادی کاموں کے دوران 86 لاشیں نکالی گئیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
یاد رہے کہ کانگو میں دور دراز علاقوں سے دارالحکومت آنے والے ٹرانسپورٹ کے بھاری اخراجات کو برداشت نہیں کرپاتے اور کشتیوں کے ذریعے سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔
کشتیوں میں گنجائش سے زیادہ مسافر بٹھائے جاتے ہیں جو ایسے حادثات کا باعث بنتے ہیں۔ رواں برس فروری میں ایسے ہی ایک حادثے میں دو درجن سے زائد مسافر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔