پاکستانی زیر قبضہ باغ کے مضافاتی علاقے قادر آباد میں مسافر کوسٹر کی زد میں آ کر 14 سالہ بچہ جاں بحق 2 زخمی. ایک زخمی کو راولاکوٹ منتقل کر دیا گیا جبکہ دوسرے کی حالت خطرے سے باہر ہے. باغ پولیس نے کوسٹر ڈرائیور اور محکمہ شاہرات کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔
کوسٹر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جو تا حال گرفتار نہ ہو سکا. ایڈیشنل ایس ایچ او ادریس چغتائی کے مطابق مسافر کوسٹر جسے عمران نامی ڈرائیور چلا رہا تھا تیز رفتاری میں سڑک پر موجود کھڈے بچاتے ہوئے رانگ سایڈ پر گیا جس کی وجہ سے موٹر سائیکل پر مختلف سمت سے آنے والے حماد اور بلال زد میں آئے، حماد جس کا تعلق پشاور سے تھا ڈسٹرکٹ ہسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ دوسرے بچے کو راولاکوٹ منتقل کر دیا گیا. تیسرا بچہ معمولی زخمی ہوا ہے جسے ابتدائی علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا. ایڈیشنل ایس ایچ او کے مطابق مقدمہ کوسٹر ڈرائیور کے ساتھ محکمہ شاہرات کے خلاف بھی درج کیا گیا ہے کیونکہ سڑک پر موجود گڑھے مستقل طور پر حادثات کی وجہ بنتے جا رہے ہیں،جاں بحق ہونے والے حماد عارف کی نماز جنازہ ہدا باری قبرستان کے احاطے میں ادا کر کے سپرد خاک کر دیا گیا۔
جبکہ مہتمم شاہرات باغ انجنیئر ندیم سرور نے کہا ہے کہ خستہ سڑکوں کی ریکڈیشنگ کے لیے دو سکیمیں مرتب کی گئی ہیں جو زیر کار ہیں. دو ماہ سے میں محکمہ شاہرات میں ذمہ داریاں سر انجام دے رہا ہوں اور مرمت کے لیے ا سکیمیں بروقت ارسال کی گئی تھیں،محکمہ پولیس کو دیے گیے تحریری بیان میں ان کا کہنا ہے کہ انتخابات سے پہلے بھی ٹینڈرنگ ہوئی لیکن الیکشن کمیشن کی طرف سے پابندی کی وجہ سے کام نہیں ہو سکا۔