مقبوضہ بلوچستان سے ضلع کیچ سے ایک اورطالبعلم جبری طور لاپتہ جبکہ کراچی و مستونگ سے طالب علم سمیت 2لاپتہ نوجوان بازیاب ہوگئے۔بلوچ یکجہتی کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز ایک اور طالب علم کو لاپتہ کردیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق گزشتہ رات کیچ کے مرکزی شہر تربت کولوائی بازار آبسر میں پاکستانی فورسز نے ایک گھر پر چھاپہ مارکر ایک شخص کو حراست میں لیکر لاپتہ کردیا۔لاپتہ ہونے والے نوجوان کی شناخت حفیظ بشیر ولد بشیر احمد کے نام سے ہوئی ہے جو کیچ آبسر کولوائی بازار کا رہائشی بتایا جارہا ہے۔
دوسری جانب کراچی اور مستونگ سے لاپتہ ہونے والے دو نوجوان بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے۔ضلع مستونگ سے عیدالفطر کے تیسرے روز لاپتہ ہونے والے ساجد ساسولی جبکہ گزشتہ روز کراچی سے لاپتہ ہونے والے کلیم اللہ نور بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔
بازیاب ہونے والوں میں کلی لدھا ضلع مستونگ کے رہائشی 16 سالہ ساجد علی ولد کمال خان ساسولی کو پانچ مئی کی درمیانی شب رات 2بجے کے قریب ان کے گھر سے پاکستانی فورسزنے جبری طور پرلاپتہ کردیاتھا جبکہ بلوچستان کے علاقے تمپ سے تعلق رکھنے والے کراچی یونیورسٹی میں ایم اے سوشیالوجی کے طالب علم کلیم اللہ کو گزشتہ دنوں گلستان جوہر میں گھر سے لاپتہ کیا گیا تھا جو بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے ہیں۔