پاکستان کے راجدانی اسلام آباد میں خود کش دھماکے سے ایک پولیس اہلکار ہلاک اور 4 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ دارالحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ تھی اور چیکنگ چل رہی تھی کہ اسی دوران آئی ٹین فور میں پولیس اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو تلاشی کے لیے روکا تو دھماکا خیز مواد پھٹ گیا۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش تھا، دھماکے میں گاڑی کا ڈرائیور بھی ہلاک ہوا جبکہ 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، دھماکے میں دو شہری بھی زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کو فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔
دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے پتہ چلایا جائے گا کہ گاڑی کہاں سے آئی۔
پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ اسلام آباد دھماکے میں 18 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، جائے وقوعہ سے ایک موبائل فون بھی ملا ہے جسے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔