حکمرانوں کی ناعاقبت اندیشی ملک کو سول نافرمانی کی طرف دھکیل رہی ہے: علامہ راجہ ناصر عباس

0
20

چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نگران حکومت بجلی کے بلوں میں بھاری بھرکم اضافہ واپس لے، اضافی ٹیکسز غریب عوام کے لیے بہت بڑا بوجھ ہیں، بلوں میں ہوشربا اضافے سے عوام بلبلا اٹھے ہیں، مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کے لیے بجلی کے بھاری بل ناقابل برداشت ہیں، حکمرانوں کی ناعاقبت اندیشی ملک کو سول نافرمانی کی طرف دھکیل رہی ہے، مہنگائی کے ہاتھوں مجبور و نادار لوگ آئے روز خود کشیاں کر رہے ہیں، غربت و بے روزگاری سے تنگ عوام 15 پر کالز کر کے راشن کی دہائیاں دے رہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت بھی عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے، دیہاڑی دار مزدور طبقہ اپنی آمدن اور تنخواہوں سے اضافی بلوں کی ادائیگی کیسے کریں گے، مہنگے بجلی کے بلوں سے عوام کی چیخیں نکل گئیں، پندرہ روپے فی یونٹ پر اضافہ انتہائی ظالمانہ اقدام ہے، جسے سختی سے مسترد کرتے ہیں، ملک میں پہلے ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، آٹا، دال ،چاول اور چینی کی قیمت روز بروز بڑھ رہی ہے، غافل اشرافیہ اپنی عیاشیوں میں مصروف ہے، پی ڈی ایم کا ریلو کٹا ٹولہ سولہ ماہ میں ملک کا خون چوس کر دوبارہ لندن فرار ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملکی اقتصادی صورت حال کئی ماہ سے ابتری کا شکار ہے، جسے سنبھالنے کی بجائے مزید خرابی کی طرف دھکیلا جارہا ہے، انتظامیہ کی جانب سے عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنانے والے سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی کرنے کی بجائے، اپنے فرائض منصبی سے پہلو تہی کی جا رہی ہے، ملکی سیاسی و معاشی صورت حال اس قدر زبوں حالی کا شکار ہے کہ اس طرح کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، لیکن افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، لوگوں کی جان و مال کے محافظ ادارے مٹھی بھر عناصر کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں