پاکستان: حکومتی ڈیڈ لائن ختم :افغان پناہ گزینوں کی گرفتاری جاری

0
58

پاکستان کے مختلف علاقوں سے افغان پناہ گزین گرفتار کرکے حراستی کیمپ منتقل کئے جارہے ہیں

پاکستان میں مقیم افغان مکینوں کو حکومت پاکستان کی جانب سے دی گئی ڈیڈلائن ختم ہوتے ہی افغان شہریوں کے خلاف آپریشن کا آغاز ہو گیا، مہلت ختم ہوتے ہی کراچی سے 4 افغانیوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ کیمپ منتقل کر دیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی بھاری نفری کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر پہنچ گئی ہے۔غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپسی کی ہدایت کے لیے لاؤڈ اسپیکر پر اعلانات کیے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں رہائش پذیر افغان شہریوں سمیت دیگر غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنے کی حکومتی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد پولیس نے ای الیون میں آپریشن کرتے ہوئے متعدد افراد کو تھانہ گولڑہ منتقل کر دیا اسلام آباد پولیس نے مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آج سے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چمن کے مختلف علاقوں سے درجن بھر تارکینِ وطن کو حراست میں لیا گیا ہے۔

لیویز حکام کے مطابق ملک بھر سے افغان مہاجرین کی غیر معمولی تعداد چمن پہنچ گئی ہے افغان مہاجر خاندانوں کو رجسٹریشن کے بعد کیمپ منتقل کیا جا رہا ہے کیمپ میں اب تک 5 ہزار افغان مہاجر پہنچ چکے ہیں۔

انسپکٹر جنرل خیبر پختون خوا پولیس اختر حیات خان نے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف خیبرپختونخوا میں کارروائیاں شروع کر دیا ان کو مختص مقامات پر منتقل کیا جائے گا آئی جی کے پی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کو خیبر پولیس کے حوالے کر کے طورخم سے واپس بھیجا جائے گا، اب تک 1 لاکھ سے زیادہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی رضا کارانہ طور پر واپس جا چکے ہیں۔

اس حوالے سے آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ پنجاب سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا انخلاء 3 نومبر سے مرحلہ وار ہو گا غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے انخلاء کے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں حکومتی فیصلے پر من و عن عمل کروائیں گے۔

آئی جی عثمان انور کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم شہریوں کو منتقلی کے دوران ہولڈنگ پوائنٹس پر رکھا جائے گا ٹرانسپورٹ، کھانے اور پینے کے انتظامات ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہو گی،غیر ملکیوں کے انخلاء کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے گی۔

ادھر راولپنڈی میں ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد 100 سے زائد غیر قانونی مقیم افغانیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے کمشنر راولپنڈی کے مطابق اٹک، جہلم، چکوال اور راولپنڈی میں ہولڈنگ سینٹر قائم ہیں، اڈیالہ جیل انتظامیہ نے 64 افغان باشندوں کو اسلام آباد انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے اڈیالہ جیل سے اسلام آباد انتظامیہ کے حوالے کیے گئے افغان باشندوں کو طورخم بارڈر بھیجا جائے گا

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں غیر قانونی مقیم افراد کو دی گئی مہلت ختم ہونے پر بے دخلی کا عمل شروع کیا ہے،ان کو پناہ یا ملازمت دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی مقیم افغانی باشندے روپوش ہو گئے، پولیس کا غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کی گرفتاریوں کے لیے آپریشن جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ہولڈنگ سینٹر میں کسی افغان باشندے نے رضا کارانہ طور پر سرنڈر نہیں کیا، مقامی تھانوں کے کوائف کے مطابق غیر قانونی مقیم افغانیوں کی تلاش جاری ہے۔

سرگودھا کے کمشنر کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں 4800 سے زائد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا ڈیٹا جمع کر لیا جبکہ 470 غیر ملکی بغیر دستاویزات کے قیام پذیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو پہلے مرحلے میں بےدخل کیا جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں