اسرائیلی حکومت کے وزیرجنگ نے غزہ جنگ میں فوجیوں کو پہنچنے والے بھاری جانی نقصان کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے آج تک ہرگز ایسی جنگ نہیں دیکھی اور پچھتر برسوں سے ایسی صورت حال کا سامنا نہیں کیا۔
اسرائیلی حکومت کے وزیرجنگ یوآو گالانت نے غزہ جنگ میں حکومت کو پہنچنے والے بھاری جانی نقصان کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مرنے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے بھاری قیمت چکائی ہے اور اس جنگ میں ہمیں کافی مالی نقصان ہوا ہے جس کی اسرائیل کے وجود میں آنے کے بعد سے اب تک کوئی مثال نہيں ملتی۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹوں کے مطابق غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک تقریبا پانچ سو ساٹھ اسرائیلی فوجی غزہ میں ہلاک اور تقریبا تین ہزار زخمی ہوچکے ہيں ۔ غزہ میں فلسطینیی مجاہدین کے ساتھ جنگ میں ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کی یہ تعداد ایسی حالت میں ہے کہ اس سے پہلے انیس سو سڑسٹھ اور انیس سو تہتر میں عرب ممالک کے ساتھ اسرائیلی حکومت کی دوجنگوں میں بالترتیب تقریبا سات سو اور دوہزار پانچ سو فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
غزہ جنگ میں اسرائیلی فوجیوں کے جانی نقصان کے ساتھ ہی اسرائیلی ذرائع اعتراف کرتے ہيں کہ پانچ مہینے سے جاری اس جنگ میں حکومت کو تقریبا پچاس ارب ڈالر کا اقتصادی نقصان بھی ہوا ہے۔ حکومت کے وزیرجنگ یوآو گالانت نے غزہ میں فلسطینی استقامتی گروہوں کی استقامت کے مقابلے میں اسرائیل کو درپیش پیچیدہ صورت حال کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ تل ابیب جنگ جاری رکھنے اور اپنے ہلاک و زخمی ہونے والے فوجیوں کا انتقام لینے کے لئے لازمی خدمت سے متعلق قانون میں کچھ اصلاحات کرنے پر مجبور ہوگيا ہے-