دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں، پاکستان آرمی چیف

0
32

پاکستال کے چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر نے کور کمانڈرز کو ہدایت کی ہے کہ دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 264ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے اور مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے خطرے کو مستقل ختم کرنے کےلیے پُرعزم ہیں۔

دریں اثناء، کور کمانڈرز کانفرنس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہ علاقائی اور عالمی سلامتی کےلیے خطرہ ہیں۔ یہ دہشت گرد گروہ پاکستان اور اس کے اقتصادی مفادات کے خلاف بطور پراکسی کام کر رہے ہیں۔

فورم کو بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ یہ دہشت گرد گروہ بالخصوص پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

کور کمانڈرز نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

فورم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔

فورم نے غزہ میں جنگی جرائم اور نسل کشی کی بھی مذمت کی جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر بھی اظہار تشویش کیا۔

کمانڈرز کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی میں اگر فریقین نے کشیدگی فوری کم نہ کی تو ایک وسیع علاقائی تنازع جنم لے سکتا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں