قوم کی خودمختاری کے تحفظ کیلئے ان کی ہمت اور لگن کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا / منوج سنہا
طارق جنجو عہ
سرینگر //جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کوکرناگ کے اہلان گڈول جنگلات میں از جاں دو فوجی اہلکاروں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ قوم کی خودمختاری کے تحفظ کیلئے ان کی ہمت اور لگن کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔نما ہندہ کے مطابق جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اہلان گڈول کوکرناگ میں برفانی طوفان سے متاثرہ آپریشن کے دوران اپنی جانیں گنوانے والے دو فوجیوں کو پھولوں کی چادر چڑھائی اور شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ مارے گئے فوجیوں کی شناخت لانس حوالدار پالش گھوش اور لانس نائیک سوجے گھوش کے طور پر کی گئی ہے۔سرینگر میں فوج کی 15 ویں کور کے ہیڈ کوارٹر میں پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں لیفٹنٹ گورنر، اعلیٰ فوجی افسران اور سول انتظامیہ کے اہلکاروں نے شہید ہونے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔منوج سنہا نے فوجیوں کے نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہادروں کے طور پر بیان کیا جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں سب سے زیادہ قربانی دی۔ ایل جی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ” قوم کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ان کی ہمت اور لگن کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا“۔پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کے بعد دونوں فوجیوں کی میتیں مغربی بنگال میں ان کے آبائی مقامات کو روانہ کی گئیں، جہاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔