بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ‘دوستی پل’ کا افتتاح

0
152

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کو بنگلہ دیش سے ملانے والے پل کا افتتاح کردیا۔

انادولو نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پل کے افتتاح کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ‘اس رابطے سے نا صرف بھارت اور بنگلہ دیش کی دوستی مضبوط ہوگی بلکہ یہ تجارت کا بھی مضبوط ذریعہ ثابت ہوگی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘شمال مشرقی بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان اس تجارتی کوریڈور سے پورا خطہ ترقی کرے گا’۔

یہ پل دریائے فینی پر بنایا گیا ہے جو بھارت کی شمال مشرقی ریاست تریپورا اور بنگلہ دیش کے درمیان بہتا ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میتری سیتو (دوستی پل) دوطرفہ اور دوستانہ تعلقات کے فروغ کی علامت ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ 1.9 کلومیٹر طویل یہ پل بھارت کے قصبے سَبروم اور بنگلہ دیش کے قصبے رام گڑھ کو ملاتا ہے، جبکہ اس کے افتتاح سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور عوامی سطح پر نقل و حمل کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ اس افتتاح سے تریپورا، شمال مشرقی بھارت کا گیٹ وے بننے کے لیے تیار ہے، جسے سبروم سے صرف 80 کلومیٹر دور بنگلہ دیش کی چٹاگونگ بندرگاہ تک رسائی حاصل ہوگی۔

نریندر مودی نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ اس پل کے ذریعے ٹرین اور پانی کے منصوبوں کو نئی قوت ملے گی، اس سے تریپورا کے ساتھ جنوبی آسام، میزورام اور منی پور کی بھی بنگلہ دیش اور جنوب مشرقی ایشیا سے ربط سازی میں بہتری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دریا کے متبادل راستے سے چٹاگونگ بندرگاہ کو بھارت کے شمال مشرقی حصے سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں